راوی، چناب اور ستلج میں سیلاب سے بستیاں، شہر زیر آب، 15 افراد جاں بحق
بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج میں سیلاب سے دریا سڑکوں پر آگئے، بستیاں ڈوب گئیں، گوجرانوالہ ڈویژن میں سیلاب 15 جانیں لے گیا۔
سیالکوٹ میں سیلابی ریلے میں بہہ کر ایک ہی خاندان کے 5، گجرات میں 4، نارووال میں 3، حافظ آباد میں دو اور گوجرانوالہ شہرمیں سیلاب سےایک شخص جاں بحق ہوگیا۔وزیرآباد کے گلی محلے اور بازار زیر آب، پانی دکانوں اور مکانات میں داخل ہوگیا، سیلابی پانی گوردوارہ کرتار پور دربارمیں بھی داخل ہوگیا، کرتار پور کوریڈور زیر آب آگیا، کرتارپور دربار کے 100 سے زائد افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔
ہیڈ قادر آباد پر پانی کا دباؤ کم کرنے کیلئے منڈی بہاءُ الدین اور علی پور چٹھہ کے مقام پر دو شگاف ڈال دیے گئے، لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال اور اوکاڑہ میں فوج طلب کرلی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کےلیے فوری انتظامی اقدامات کی ہدایت کردی۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر 70 اور شاہدرہ کے مقام پر 37 سال بعد پانی آیا ہے۔
گجرات میں شہبازپور کے مقام پر دریائے چناب کا بند ٹوٹ گیا، پانی آبادی میں داخل ہوگیا، سیلاب میں 3 بچے ڈوب گئے، مقامی افراد نے ڈوبنے والے دو بچوں کی لاشیں نکال لیں، تیسرے کو بچا لیا گیا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ علاقے میں کم و بیش 100 افراد بدستور سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ مواصلاتی نظام متاثر ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
پنجاب کے 3 دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، قریبی آبادیاں اور فصلیں زیر آب آگئیں، 6 اضلاع میں فوج طلب کرلی گئی۔ہیڈ قادر آباد پر پانی کا دباؤ کم کرنے کیلئے منڈی بہاؤالدین اور علی پور چھٹہ کے مقام پر دو شگاف ڈال دیے گئے، لاہور،قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال اور اوکاڑہ میں فوج طلب کرلی گئی۔گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہیڈ قادر آباد اور علی پور چٹھہ میں پانی کا زور کم کرنے کیلئے دھماکے کر کے بند میں شگاف ڈالے گئے ہیں۔دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب سے گوجرانوالہ ڈویژن متعدد آبادیاں اور فصلیں متاثر ہوئی ہیں، دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور قادرآباد پر انتہائی اونچے اور ہیڈمرالہ پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، دریائے چناب میں ہیڈ خانکی کے مقام پر بہاؤ 10 لاکھ کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
Leave A Comment