نو مئی مقدمات کا فیصلہ: عمر ایوب، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 برس قید، فواد چوہدری بری
فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق اہم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 108 کارکنوں اور رہنماؤں کو سزائیں سنادی ہیں۔ عدالت نے مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا دی جبکہ چند رہنماؤں کو بری بھی کردیا ہے۔عدالتی فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز اور سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ مذکورہ رہنماؤں پر ریاستی اداروں پر حملے، اشتعال انگیزی اور توڑ پھوڑ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔عدالت نے رکن پنجاب اسمبلی جنید افضل ساہی کو بھی تین سال قید کی سزا سنائی ہے۔ ان پر بھی جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی میں کردار ادا کرنے کا الزام تھا۔
دوسری جانب عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال احمد کاسترو کو مقدمے سے بری کردیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ان تینوں رہنماؤں کے خلاف شواہد ناکافی تھے، جس کے باعث انہیں شک کا فائدہ دیا گیا۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی چئیرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے جن میں سرکاری اور عسکری عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ ان واقعات پر مختلف شہروں میں انسداد دہشت گردی کے مقدمات قائم کیے گئے تھے۔ فیصل آباد میں یہ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج ہوا تھا۔