تازہ ترین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچوں کی سمگلنگ کا خاتمہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ درحقیقت غلامی کی ہی ایک جدید شکل ہے، جس کا خاتمہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ اس مکروہ دھندے کی سنگینی کو سمجھ سکیں، غیر قانونی ذرائع سے یورپ جاتے ہوئے کشتی ڈوبنے سے درجنوں افراد کا جاں بحق ہونا بہت بڑا انسانی المیہ ہے۔مریم نواز شریف نے انسانی سمگلروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ دولت کی ہوس میں معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے سے بھی گریز نہیں کرتے، بچے میری ریڈ لائن ہیں، ان کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت بچوں کے استحصال کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کسی بھی صورت میں انسانی سمگلنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو روزگار کے نام پر غیر قانونی راستوں سے بیرونِ ملک بھیجنے سے گریز کریں۔

 

Leave A Comment

Advertisement