26نومبر، 4اکتوبر احتجاج پر درج مقدمات؛ غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری
پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف 26 نومبر اور 4 اکتوبر احتجاج پر درج مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے کیسز پر سماعت کی۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی حاضری سے استثنا کی درخواستیں منظور کی گئیں جبکہ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو چالان کی نقول فراہم کر دی گئیں، 26 نومبر احتجاج پر درج تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں سپلیمنٹری جمع کروائی گئی۔پراسیکوشن نے ان ملزمان کا بھی چالان جمع کروا دیا جن کی ضمانتوں پر فیصلے نہیں ہو سکے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ پراسیکوشن اگلی سماعت پر دلائل دے کہ کیا ان ملزمان کا چالان پیش ہو سکتا ہے جن کی ضمانت پر ہی فیصلہ نہیں ہوا۔
عدالت نے تھانہ کوہسار اور نون کے مقدمے کی سماعت 4 اگست تک جبکہ تھانہ آبپارہ اور ترنول کے مقدمے کی سماعت 11 اگست تک ملتوی کر دی۔
بانی پی ٹی آئی و کارکنان کے خلاف آزادی مارچ کے 2 کیسز کی بھی سماعت ہوئی۔ تھانہ کھنہ کے مقدمہ نمبر 242 کی سماعت بغیر کارروائی 5 ستمبر تک ملتوی کر دی۔