جاپان: بھالو نے ایئرپورٹ پر پروازیں روک دیں
بھالو نے جاپان میں ایک دن کے لیے ایئرپورٹ بند کروا دیا۔ایک سیاہ رنگ کا بھالو صبح سویرے شمالی جاپان کے یاماگاتا ایئرپورٹ پر نمودار ہوا تو فوری طور پر رن وے بند کر دیا گیا۔بھالو کے ایئرپورٹ پر پہلی بار نمودار ہونے پر 4 پروازوں کی روانگی میں 1 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔
بھالو دوپہر میں ایئرپورٹ پر دوبارہ نمودار ہوا اور رن وے پر چہل قدمی کرنے لگا جس کے بعد ایئرپورٹ کے عملے نے بھالو کا پیچھا کرنے کے لیے ایک کار کا استعمال کیا اور رن وے کو دوبارہ بند کر دیا۔یاماگاتا ایئرپورٹ کے اہلکار اکیرا ناگائی نے میڈیا کو بتایا کہ ایئر پورٹ کو دوسری بار بند کرنے کی وجہ سے 12 پروازیں منسوخ ہوئیں۔اُنہوں نے بتایا کہ بھالو کو پکڑنے کے لیے شکاریوں کو بلایا گیا اور بھالو کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے ایئرپورٹ کے ارد گرد پولیس افسران کو تعینات کیا گیا۔صورتحال کے پیشِ نظر رن وے کو رات 8 بجے تک بند رکھنے کا ارادہ ہے۔
واضح رہے کہ جاپان میں بھالوؤں کے ساتھ انسانوں کا مقابلہ ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے، گزشتہ سال بھالوؤں نے جاپان میں 219 افراد پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 اموات بھی ہوئیں۔
Leave A Comment