تازہ ترین

کراچی میں کورنگی ساڑھے تین نمبر کے علاقے میں ڈاکوؤں اور شہری کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک اور معصوم جان ضائع ہوگئی۔ ڈاکوؤں کی گولی کا نشانہ بننے والی دس سالہ عارفہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ ایک شہری نے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکوؤں کی جانب سے چلائی گئی گولی عارفہ کو آ لگی، جو اس وقت گھر سے چیز لینے نکلی تھی۔جاں بحق بچی کے لواحقین نے واقعے کے بعد لاش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا اور کورنگی روڈ بلاک کر دی۔ مظاہرین نے پولیس اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کو روکا جائے۔عارفہ کے چچا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، آئے دن وارداتیں ہو رہی ہیں، کوئی روکنے والا نہیں۔ ہماری بچی بے گناہ تھی، صرف چیز لینے نکلی تھی کہ گولی کا نشانہ بن گئی۔پولیس حکام اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کے بعد دو روز کی مہلت دینے پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں سال کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 47 ہو چکی ہے، جو شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر سوالیہ نشان ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement