انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گروہ کا سرغنہ گرفتار
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے سرغنہ محمد عرفان اسلم کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی ایک متاثرہ شہری کی شکایت پر کی گئی۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم مختلف مریضوں کے گردے پیوند کروانے کے لیے جعلی ٹیشو میچنگ رپورٹس تیار کرتا تھا اور اس عمل کے لیے نجی ہسپتالوں کا سہارا لیا جاتا تھا۔ محمد عرفان اسلم سال 2024 سے ایف آئی اے لاہور زون کو مطلوب تھا اور وہ انسانی اعضاء کی خرید و فروخت کے ایک منظم غیر قانونی نیٹ ورک کا حصہ رہا ہے۔ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر ملزمان اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں، اور بہت جلد مزید اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔
ایف آئی اے ترجمان نے واضح کیا کہ کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Leave A Comment