ڈیرہ غازی خان: سرحدی چوکی لکھانی پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام
پنجاب پولیس نے عیدالفطر کی آمد سے قبل امن و امان اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔ پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے خیبر پختونخوا بارڈر پر واقع سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کے بڑے حملے کو ناکام بنا دیا۔لکھانی چیک پوسٹ پر 20 سے 25 خوارجی دہشت گرد چاروں اطراف سے حملہ آور ہوئے۔ حملہ آوروں نے مارٹر گولے، راکٹ لانچرز، اسنائپر رائفلز اور دیگر بھاری اسلحہ کا استعمال کیا۔ تاہم، پولیس، ایلیٹ فورس اور ایس او یو کے بہادر جوانوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیک پوسٹ کا دفاع کیا اور دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ترجمان کے مطابق پولیس کے تمام جوان اس حملے میں محفوظ رہے، جو کہ فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا ثبوت ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان پولیس کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر شاباش دی اور مستقبل میں بھی ایسے آپریشنز جاری رکھنے کا حکم دیا۔
Leave A Comment