شہداء کے خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے:آئی جی پنجاب پولیس
رحیم یارخان(أن لائن )آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹرعثمان انور نے کہا ہے کہ شہداء کے خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے‘ شہداء عوام کی جان و مال کے تحفظ کے عظیم مشن پر تھے‘ شیخانی حملے میں ملوث ایک ایک مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے کچہ میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ پولیس شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘ شہداء کے ورثاء کی کفالت ترجیحی بنیادوں پر کی جاتی ہے اور آئندہ بھی کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر چھپ کر بزدلانہ حملہ کیا‘پنجاب پولیس کا مورال بلند‘ بزدلانہ کاروائیاں جانیں قربان کرنے والی پولیس فورس کا مورال پست نہیں کر سکتیں۔انہوں نے کہا کہ کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا‘ جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔