لاہور: فینسی نمبر پلیٹ پر گاڑی روکنے پر وکلا کا وارڈن پر تشدد، 3 افراد گرفتار
لاہور کے علاقے مزنگ میں فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹ پر گاڑی روکنے پر وکلا اور ان کے ساتھیوں نے ٹریفک وارڈن پر بہیمانہ تشدد کیا، جس کے نتیجے میں وارڈن کا دانت ٹوٹ گیا اور وردی بھی پھٹ گئی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں ملزمان کو وارڈن کو زدوکوب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وارڈن نے فینسی اور غیرقانونی نمبر پلیٹ والی گاڑی کو روکا۔ گاڑی میں سوار وکلا نے پہلے گاڑی بھگانے کی کوشش کی، تاہم ناکامی پر اپنے مزید ساتھیوں کو موقع پر بلا لیا اور وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔تشدد کے باعث ٹریفک وارڈن شدید زخمی ہوگیا۔ راہگیروں نے واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی، جس کے بعد اعلیٰ حکام متحرک ہوگئے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری مقدمہ درج کرنے اور ملوث افراد کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ باقی ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
Leave A Comment