پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج انسداد منشیات کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔دنیا بھر میں ہر سال 26 جون کو انسدادِ منشیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد انسداد منشیات سے آگاہی اور شعور فراہم کرنا ہے، منشیات کے استعمال کی روک تھام، غیر قانونی تجارت کا خاتمہ، منشیات کا گھناؤنا دھندا کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔طبی و نفسیاتی ماہرین کے مطابق نئی نسل میں نشہ آور اشیاء کے استعمال کا رجحان زیادہ دولت یا پھر انتہائی غربت کا ہونا ہے، دوستوں کی صحبت، حالات کی بے چینی یا مایوسی کی وجہ سے بھی انسان منشیات کا عادی بن جاتا ہے۔ہر گزرتے دن کے ساتھ نشہ کرنے کے عادی افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے جو عالمِ انسانیت کیلئے ایک لمحۂ فکریہ ہے۔ہر سال اینٹی نارکوٹکس فورس، پولیس اور کوسٹ گارڈز سمیت مختلف ادارے کروڑوں روپے کی منشیات برآمد کرتے ہیں، موت کے سوداگروں کو گرفتار کیا جاتا ہے اور نشے کے عادی افراد کی بحالی پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے منشیات سے پاک معاشرہ ضروری ہے، اس دن کو منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ایسی وجوہات کو دور کیا جائے تاکہ نئی نسل منشیات کی لعنت سے بچ سکے۔

نئی نسل کو منشیات سے پاک معاشرہ دے کر رہیں گے: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کہا ہے کہ منشیات سے پاک معاشرہ نئی نسل کا حق ہے اور یہ حق انہیں دے کر رہیں گے۔منشیات کے استعمال و غیر قانونی سمگلنگ کیخلاف عالمی دن پر پیغام میں وفاقی وزیر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا خطرہ ہر معاشرے کیلئے چیلنج بن چکا ہے، اقوام عالم کو مشترکہ اقدامات سے منشیات کے استعمال کے آگے بند باندھنا ہوگا، پاکستان اس جنگ میں دنیا کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نیشنل اینٹی نارکوٹکس پالیسی کے تحت منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف جامع اقدامات کئے ہیں اور اے این ایف کا اس ضمن میں کردار قابل ستائش ہے، اینٹی نارکوٹکس فورس کے افسران اور جوانوں نے منشیات سے پاک معاشرے کی جدوجہد میں قیمتی جانیں قربان کی ہیں، اے این ایف کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قوم تمام شہداء کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے یہ جنگ اپنے خون سے لڑی، یہ عزم ہماری اجتماعی طاقت کی علامت ہے، منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے سب کو شانہ بشانہ کام کرنا ہوگا۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ منشیات سے پاک معاشرہ نئی نسل کا حق ہے اور یہ حق انہیں دے کر رہیں گے، منشیات فروش انسانیت اور نوجوان نسل کے بدترین دشمن ہیں، ایسے عناصر کو نشان عبرت بنانے کا قومی عزم رکھتے ہیں، آئیے منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف ہم ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے اپنی کاوشوں کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کریں۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement