تازہ ترین

پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ کرلیا۔پنجاب بھر میں یکم سے 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ ہوگی جس کے تحت مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش، عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر مکمل پابندی ہوگی۔ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگا۔ بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈبل سواری کی پابندی سے مستثنیٰ ہونگے۔محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کوئی نئی اختراع نہیں ہوگی۔  کسی بھی ذرائع یا ڈیوائس سے فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات اور تبصروں پر بھی پابندی ہوگی۔جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر، عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر پابندی ہوگی۔جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجود رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا۔

دوسری جانب محرم الحرام کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت میں سیکورٹی سخت کردی گئی، ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو شہر بھر میں سکیورٹی کے حوالے سے ہائی الرٹ ہے۔

Leave A Comment

Advertisement