تازہ ترین

حزب اللہ کا جھنڈا لہرانے کے الزام میں قانونی مقدمے کا سامنا کرنے والے آئرلینڈ کے میوزیکل بینڈ ’نیکیپ‘ کے گلوکار 27 سالہ لیام اوہانا فلسطین رومال پہن کر عدالت میں پیش ہوگئے۔
لیام او’ہانا 18 جون کو عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان پر دہشتگردی کے الزام میں فردِ جرم عائد کی گئی۔ان پر الزام ہے کہ انہوں نے لندن میں نومبر 2024 میں ہونے والے ایک کنسرٹ کے دوران حزب اللہ کا جھنڈا لہرایا۔گزشتہ ماہ مئی میں ان پر عدالت نے فرد جرم عائد کی تھی لیکن اس وقت یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ان پر کس الزام کے تحت فرد جرم عائد کی گئی اور اب عدالت میں ان پر دہشت گردی کے الزام میں فرد جرم عائد کردی گئی۔نوجوان ریپر ویسٹ منسٹر میجسٹریٹس کورٹ میں فلسطینی کفیہ (رومال) پہنے سیاہ چشمے لگائے پیش ہوئے۔عدالت کے باہر اور اندر موجود ان کے سینکڑوں مداحوں کی جانب سے ”فری فلسطین“ اور ”نیکیپ“ کے نعرے بھی لگائے گئے۔مختصر سماعت کے دوران گلوکار نے خود پر لگے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سیاسی قرار دیا، انہوں نے صرف اپنا مختصر تعارف اور خود پر لگے الزامات کو مسترد کرنے کا بیان دیا۔عدالت نے او’ہانا کو ضمانت پر رہا کر دیا اور اگلی سماعت 20 اگست کو مقرر کرنے کے بعد سماعت ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ ایران اور لبنان کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ پر برطانیہ میں پابندی ہے اور اس کے جھنڈے یا نام کا استعمال قانونی جرم ہے۔میوزیکل بینڈ نیکیپ اور اوہانا حالیہ عرصے میں غزہ پر جنگ اور اسرائیل کے خلاف بیانات کے باعث خبروں میں رہا ہے۔

Leave A Comment

Advertisement