کھلاڑیوں کے الاؤنسز کا معاملہ؛ ہاکی فیڈیشن کا موقف سامنے آگیا
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ڈیلی الاؤنس کے معاملے پر کھیل سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیدیا۔
کوالالمپور میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے موجود پی ایچ ایف صدر طارق بگٹی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلی الاؤنس ایشو سے زیادہ اہم فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں بہتر کھیل پیش کرکے فائنل میں جگہ بنانا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان یہ نیشنز کپ جیت کر پرو لیگ کیلئے کوالیفائی کرے، فنڈز کی کمی اور محدود میچز سمیت بہت سے ایشوز کا سامنا ہے تاہم اسکے باوجود لڑکے اور مینجمنٹ بہت محنت کی ہے۔ہماری عالمی درجہ بندی میں 2 درجے بہتری آئی ہے، جب ذمہ داریاں ملیں تو اس وقت پاکستان کی رینکینگ میں 18 ویں پوزیشن تھی، اب ہم 13ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ہاکی میں بہتری آرہی ہے۔
طارق بگٹی نے کہا کہ ہمیں ڈیلی الاؤنس سمیت لڑکوں کی مشکلات کا اندازہ ہے، حکومت کی طرف سے جتنی سپورٹ مل رہی ہے، وہ سب کے سامنے ہے، اس سپورٹ کو مزید بہتر کرنا ہوگا، ہماری ضروریات کے مطابق فنڈز ملنا شروع ہوجائیں تو پھر معاملات مزید آسان ہوجائیں گے۔ ڈیلی الاؤنس کبھی ایڈوانس نہیں دیا جاتا، ایونٹ مکمل ہونے اور فنڈز کی دستیابی پر ہی لڑکوں کے واجبات ادا کیے جاتے ہیں، بطور صدر محدود وسائل کے باوجود ہر وہ کام کرنے کی کوشش ہے جس سے پاکستان کا ہاکی میں مستقبل مزید روشن ہو۔