ملائشیا میں یونیورسٹی بس کو حادثہ، 15طالبعلم جاں بحق
ملائشیا میں طالب علموں کو لے جانیوالی یونیورسٹی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 15 طالبعلم جاں بحق ہوگئے۔شمالی میلائشیا میں بس یونیورسٹی کیمپس آتے ہوئے منی وین سے ٹکرا گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 13طالب علم موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 2افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے جو سلطان ادریس ایجوکیشن یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔
اس کے علاوہ حادثے میں 33 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ہلاک ہونے والے طالب علموں کی عمر 21 سے 23 سال کے درمیان تھی اور اس حادثے کو خوفناک حادثہ قرار دیا جارہا ہے۔پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ بس بے قابو ہو کر منی وین سے ٹکرا گئی جس کے باعث یہ حادثہ رونما ہوا تاہم واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔