تازہ ترین

عید کے دوسرے روز لاہور سمیت پنجاب شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گیا ہے جہاں سورج نے آگ کے گولے برسانا شروع کر دیئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں خشک موسم کے باعث گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 29 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ آئندہ 2 روز کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جس کے باعث شہریوں کو خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی ملک گیر پیشگوئی کے مطابق آج سے 12 جون کے دوران وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی و وسطی سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں یہ درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہو سکتا ہے۔ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جہاں موسم نہ صرف شدید گرم بلکہ انتہائی خشک بھی ہو گا، شدید گرمی کی اس لہر میں گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر سبی میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Leave A Comment

Advertisement