دوحہ ،پاکستانی خواتین ویٹ لفٹرز نے مزید دو گولڈ اور ایک سلور میڈل جیت لیا
پاکستان کی خواتین ویٹ لفٹرز بھی مردوں سے پیچھے نہیں رہیں،قطر کے شہر دوحہ میں جاری ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ میں پاکستان نے مزید دو گولڈ اور ایک سلور میڈل جیت لیا ۔چیمپیئن شپ میں قومی ویٹ لفٹرز نے بھر پور طاقت اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئےپاکستان کیلئے دو گولڈ اور ایک سلور میڈل حاصل کیا ہے۔پاکستان کی سہیل سیبل نے 59 کلو گرام ویٹ کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا، سہیل سیبل نے مجموعی طور پر 95 کلو گرام وزن اٹھایا، اسنیچ ایونٹ میں 40 اور کلین اینڈ جرک میں 55 کلو گرام وزن اٹھاکر گولڈ میڈل جیت لیا،سہیل سیبل نے 30 سال سے زائد عمر کے مقابلوں میں شریک ہوئیں۔
پاکستان کی نادیہ مقصود نے 87 کلو گرام ویٹ کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا ۔نادیہ مقصود نے مجموعی طور پر 147 کلو گرام وزن اٹھایا ،نادیہ مقصود نے اسنیچ ایونٹ میں 67 اور کلین اینڈ جرک میں 80 کلو فرام وزن اٹھایا،نادیہ مقصود 35 سال سے زائد عمر کے مقابلوں میں شامل تھیں۔
نیلم ریاض نے پاکستان 76 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں سلور میڈل حاصل کیا ،نیلم ریاض نے مجموعی طور پر 159 کلو گرام وزن اٹھایا ،اسنیچ میں 67 اور کلین اینڈ جرک میں 92 کلو گرام وزن اٹھایا ،نیلم ریاض 30 سال سے زائد عمر کے مقابلوں میں شامل تھیں۔
ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ میں پانچ گولڈ اور دو سلور میڈلز کیساتھ پاکستان کے تمغوں کی تعداد سات ہوگئی ۔چیمپئین شپ کا کل آخری روز ہے، کل مزید چار ویٹ لفٹر قسمت آزمائیں گے۔