لیسکو کا رینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ بڑا آپریشن، کروڑوں روپے کی بجلی چوری پکڑلی، ملزمان کی جانب سے شدید فائرنگ
لیسکو کا رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ بڑا آپریشن، کروڑوں روپے کی بجلی چوری پکڑلی، ملزمان کی جانب سے شدید فائرنگ، چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ موقع پر پہنچ گئے۔ ایکسیئن رائیونڈ علی رضا کی زیر نگرانی ایس ڈی او جیا بگا آصف خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ لدھیکے گاؤں میں فرنس سٹیل اور پولٹری فارم پر کروڑوں روپے کی بجلی چوری پکڑلی، ملزمان لیسکو کی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کررہے تھے، غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے پر ملزمان شہباز اور اشرف نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لیسکو ٹیم پر حملہ کردیا۔ ملزمان نے شدید فائرنگ کرتے ہوئے اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ دیگر افسران اور سیکیورٹی اداروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے موقع سے 12 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ پولیس ٹیم کی جانب سے 400 کے وی اے اور 25 کے وی اے کا ٹرانسفارمر اتار لیا گیا، لیسکو کی جانب سے ملزمان کو 8 کروڑ روپے ڈٹیکشن بل چارج کیا گیا ہے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہنا تھا کہ’’ ہماری ٹیموں نے کامیاب آپریشن کیا، ایس ڈی او ایس ایز اور رینجرز کی کارکردگی قابل ستائش ہے، کوئی بجلی چور کتنا ہی طاقتور اور بااثر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچے گا، لیسکو کے تمام افسران و اہلکار بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں لیسکو کی اعلیٰ قیادت اور حکومتی مشینری ان کے ساتھ کھڑی ہے۔