انڈونیشیا : 6 شدت کا زلزلہ
انڈونیشیا کے موسمیات، ماحولیاتیات اور ارضیاتی ایجنسی کے مطابق ہفتے کے روز سولاویسی کے علاقے میں چھ شدت کا زلزلہ آیا تاہم اس سے سونامی کا کوئی خطرہ پیدا نہیں ہوا۔ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری بیان میں زلزلے کی تصدیق کی جبکہ یورپی بحیرہ روم ارضیاتی مرکز نے زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 109 کلومیٹر بتائی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق انڈونیشیا میں آنے والے زلزلے کے باعث تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جنوبی امریکہ کے ملک چلی میں 7.5 شدت کا زلزلہ آنے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔زلزلہ چلی اور ارجنٹینا کے جنوبی ساحلوں کے قریب آیا۔ زلزلے کا مرکز کیپ ہورن اور انٹارکٹیکا کے درمیان تھا جو سطح زمین سے صرف 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا، اور اس کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔