آٹا مزید مہنگا، 20 کلو کا تھیلا 1230 روپے تک پہنچ گیا
مہنگائی کی نئی لہر میں آٹے کی قیمتوں کو بھی نہ بخشا گیا، اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1230 روپے تک جا پہنچا ہے جس نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق صرف دو ہفتوں کے دوران آٹے کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دو ہفتے قبل یہی تھیلا 1100 روپے میں دستیاب تھا۔ فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجہ گندم کی قیمت میں اضافہ ہے۔ ان کے مطابق گندم فی من 2300 روپے سے زائد میں خریدی جا رہی ہے جبکہ ماضی میں اس کی قیمت نسبتاً کم تھی۔فلور ملز مالکان کا مؤقف ہے کہ اگر گندم کی قیمت مستحکم ہو جائے تو آٹے کی قیمت میں بھی کمی آ سکتی ہے بصورت دیگر مزید اضافے کا خدشہ موجود ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔
Leave A Comment