سعودی عرب میں ریئل اسٹیٹ پر ٹیکس لگ گیا
سعودی عرب نے اپنی معیشت کو متنوع بنانے کے لیے ایک نیا اقدام اٹھاتے ہوئے 10 اپریل 2025 سے ملک بھر میں ریئل اسٹیٹ ٹرانزیکشن ٹیکس(آر ای ٹی ٹی ) نافذ کر دیا ہے، جس کی شرح 5 فیصد مقرر کی گئی ہے۔زکوۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی کے مطابق یہ نیا ٹیکس تمام اقسام کی جائیدادوں پر لاگو ہوگا، جن میں رہائشی، تجارتی، اور صنعتی املاک شامل ہیں۔ یہ ٹیکس جائیداد کی نوعیت، استعمال، ترقی کی حالت یا مکمل یا جزوی ملکیت کی منتقلی سے قطع نظر نافذ العمل ہوگا۔ حتی کہ غیر دستاویزی لین دین پر بھی اس کا اطلاق ہوگا۔
اس نئے ضابطے پر عمل درآمد کے لیے تمام جائیدادوں کی منتقلی کو زکوۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی کی ویب سائٹ پر موجود آر ای ٹی ٹی پلیٹ فارم کے ذریعے رجسٹر کرنا لازم ہوگا۔ لین دین میں شامل تمام فریقوں کو جائیداد کی تفصیلات اور کسی بھی ممکنہ استثنا کو نوٹری یا قانونی اتھارٹی کے سامنے ظاہر کرنا ہوگا۔ زکوۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے اپنے آفیشل ایکس اکانٹ پر کہا ہے کہ یہ نیا ٹیکس ضابطہ جائیداد کے شعبے میں ایک واضح قانونی فریم ورک قائم کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے، اور سماجی و معاشی اہداف کے لیے ٹیکس استثنا کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کروایا گیا ہے۔