گنڈاپور کی قیادت میں قافلہ پنجاب میں داخل، اٹک میں گاڑی نذر آتش
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ پشاور سے ڈی چوک اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے اور پنجاب کی حدود میں داخل ہوچکا ہے۔
خیبرپختونخوا کے تمام قافلے اس وقت پنجاب کی حدود میں داخل ہوچکے ہیں، خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کے قافلے کی قیادت عمر امین گنڈاپور کررہے ہیں جس میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں اور کرک کے علاوہ بلوچستان سے آئے ہوئے قافلے بھی شامل ہیں۔اسی قافلے میں میانوالی سے آنے والا پی ٹی آئی کارکنان کا قافلہ بھی شامل ہیں، یہ قافلہ براستہ میانوالی موٹروے پہنچ رہا ہے، ہزارہ ریجن کا قافلہ ہری پور ٹیکسلا روڈ پر ہوتے ہوئے پنجاب داخل ہوچکا ہے، سب سے بڑا اور مرکزی قافلہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پنجاب میں داخل ہوچکا ہے۔کچھ دیر قبل یہ قافلہ موٹروے ریسٹ ایریا پہنچا تھا، جہاں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اپنی گاڑی سے نیچے اتر کر کارکنوں کے درمیان آگئے تھے۔ذرائع کے مطابق عمر ایوب کی قیادت میں قافلہ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے، عمر ایوب کے اسلام آباد پہنچنے پر علی امین کا قافلہ اسلام آباد میں داخل ہوگا۔دوسری جانب قافلے میں آئے لوگ اٹک کے مقام پر موٹروے کے اطراف گھنے درختوں میں چھپ گئے، اور علی امین گنڈا پور کے قافلے کا انتظار کر رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور صوابی ریسٹ ایریا پہنچے تو نعرے لگا کر کراؤڈ چارج کیا اور کہا کہ کارکن سب آگے چلیں، اپنی طاقت راستہ کھولنے میں لگانی ہے، سب متحد ہو کر چلیں، ایک دوسرے کی طاقت بنو، پہلے مشینری کو راستہ دیں۔علی امین گنڈاپور سےسوال کیا کہ راستے بند ہے کیسے جائیں گے؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ سب راستے کھول دیں گے، ہم اسلام آباد پہنچیں گے، فکر نہ کریں۔صوابی سے احتجاج کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کر رہے ہیں۔ گنڈا پور سہ پہر کے وقت پشاور سے اپنی گاڑی میں صوابی پہنچے جہاں سے وہ کنٹینر پر سوار ہوئے۔
علی امین گنڈا پور کی روانگی کے وقت ان کی بشریٰ بی بی سے تلخ کلامی کی خبریں بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئیں۔ان خبروں کے باوجود بشریٰ بی بی بھی تحریک انصاف کے قافلے میں شامل ہیں۔ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کہا ہے کہ سب بی بی کو منع کر رہے تھے کہ وہ نہ نکلیں ان کی جان کو خطرہ ہے مگر رب کے راستے پر چلنے والوں کو کہاں ان چیزوں کی فکر ہوتی ہے۔
ایک روز قبل خبریں آئی تھیں کہ ناسازی طبیعت کی بنا پر بشریٰ بی بی احتجاج میں شریک نہیں ہو رہیں۔اب اس حوالے سے ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی پشاور سے نکلنے والے پی ٹی آئی قافلے کا حصہ ہیں، قافلہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پشاور سے روانہ ہوچکا ہے، بشریٰ بی بی ورکرز کے شانہ بشانہ اسلام آباد جارہی ہیں، بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ ورکر کو اس وقت اکیلا نہیں چھوڑا جاسکتا۔اسد قیصر اور شہرام خان ترکئی انبار ریسٹ ایریا کے مقام پر موجود ہیں جہاں سے وہ صوابی کے قافلے کی قیادت کریں گے۔
اٹک میں گاڑی نذر آتش
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے غازی ٹول پلازہ کے قریب آگ لگانے کی کوشش کی، جس کے باعث غازی انٹرچینج پر کھڑی ایک گاڑی کو بھی آگ لگ گئی، گاڑی میں سوار 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، پی ٹی آئی ورکرز نے ہی زخمیوں کو گاڑی سے باہر نکالا۔
Leave A Comment