سرکاری سکولوں کے اساتذہ سے ٹیسٹ لینے کا حکم لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں چیلنج
پنجاب کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ سے ٹیسٹ لینے کے حکم کو لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں چیلنج کر دیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں دائر درخواست پر سماعت کل ہوگی ، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ساہیوال کے ہیڈ ماسٹر محمد فیضان کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ۔درخواست گزار نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ پنجاب کے سرکاری سکول میں ساڑھے تین لاکھ اساتذہ کئی سالوں سے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں، صوبائی حکومت کی جانب سے اساتذہ سے ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ کے نام پر ٹیسٹ لینے کا آرڈر جاری کر دیا گیا ہے۔درخواست گزارکا کہنا تھا کہ سکولوں کے اساتذہ تحریری امتحان اور انٹرویوز کے بعد بھرتی ہوئے، صوبہ بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ٹیچرز کے دوبارہ امتحان کا شیڈول جاری کیا ہے ، حکومت سکولوں کو پرائیویٹ کرنے کے لئے اساتذہ کو ٹیسٹ سسٹم کے ذریعے دباؤ میں لانا چاہتی ہے ۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ صوبہ بھر کے ٹیچرز سراپا احتجاج ہیں ، پنجاب حکومت کی جانب صوبہ بھر کے ساڑھے 3 لاکھ اساتذہ سے ٹیسٹ لینے کے عمل کو کالعدم قرار دیا جائے۔
Leave A Comment