تازہ ترین

سیالکوٹ میں پولیس نے اغوا کے بعد ساڑھے چار لاکھ روپے میں فروخت ہونے والے 6 ماہ کے بچے کو بازیاب کرالیا۔ اغوا میں ملوث اور بچہ خریدنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔سیالکوٹ میں تھانہ موترہ کے علاقے دربار پنج پیر کے نزدیک سے 6 ماہ کے بچے کے اغوا کے مقدمے کا ڈراپ سین ہوگیا۔ بچے کے اغوا میں ملوث ملزمان کے علاوہ بچے کے خریدار میاں بیوی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق منہاج بی بی اپنے 6 ماہ کے بچے علی اکبر کو لے کر بھیک مانگ رہی تھی کہ دو خواتین نے اسے کپڑے اور دیگر چیزوں کا لالچ دیتے ہوئے باتوں میں لگایا اور اس دوران ان کے ساتھی نے بچہ اغوا کرلیا۔پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے بچے کو کاشف مسیح اور اس کی بیوی عابدہ بی بی کو چار لاکھ پچاس ہزار روپے میں فروخت کیا ہے۔ پولیس نے بچہ خریدنے والے جوڑے کو بھی گرفتار کرکے 6 ماہ کے علی اکبر کو برآمد کیا اور والدین کے حوالے کردیا۔

 

Leave A Comment

Advertisement