خفیہ دستاویزات کیس : فیڈرل کورٹ نے ٹرمپ کیخلاف اقدامات روک دیئے
امریکا میں فیڈرل کورٹ آف اپیل نے خفیہ دستاویزات سے متعلق مقدمے میں منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اقدامات روک دیے ہیں۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ امریکا کے محکمہ انصاف کے خصوصی قانونی مشیر جیک اسمتھ کی درخواست پر کیا گیا، اس اقدام کا مقصد اس "غیر معمولی صورت حال" کا تجزیہ کرنے کے لیے وقت حاصل کرنا ہے جو ٹرمپ کے دوبارہ انتخاب کے نتیجے میں پیدا ہو گئی ہے۔اسی طرح کا اقدام گذشتہ ہفتے اس وفاقی مقدمے میں بھی سامنے آیا تھا جس میں سابق صدر ٹرمپ کے خلاف 2020 کے انتخابات میں نتائج تبدیل کرنے کی سازش کے الزام کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔جیک اسمتھ نے بدھ کے روز فیڈرل کورٹ آف اپیل کو بتایا کہ وہ تجزیے کے بعد اپنے نتائج 2 دسمبر کو پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکا میں وزارت انصاف گذشتہ 50 برس سے زیادہ عرصے سے موجودہ صدر کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، وائٹ ہاؤس میں واپس آتے ہی ٹرمپ وزارت انصاف کو اپنے خلاف عائد الزامات ختم کرنے کے احکامات جاری کر سکتے ہیں۔
Leave A Comment