تازہ ترین

سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے جڑانوالہ میں اسلامی جمعیت طلبہ احباب کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مستقبل کے معمار ہیں ان کو متحرک کرکے حقیقی تبدیلی لائیں گے۔سابق امیر جماعت  کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کے 65 فیصد نوجوانوں کو شدید مایوس کیا ہے لیکن ہم مہنگائی، بے روزگاری اور حکومتی معاشی ایجنڈے کے خلاف حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں متحرک ہیں اور ہم نوجوانوں کو منظم کر کے ہراول دستہ بنائیں گے جو پاکستان میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو کرپٹ عناصر کے چنگل سے چھڑا کر حقیقی معنوں میں ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد میں ہے، جماعت اسلامی کا موقف یہ ہے کہ جو بھی کرپٹ ہیں ان سب کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنے مفادات میں لگی ہوئی ہے اور آج ملک جس نہج پر ہے اس میں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور  پی ٹی آئی کی حکومتیں برابر کی شریک ہیں۔

Leave A Comment

Advertisement