اسرائیل نے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا پرپابندی لگا دی
اسرائیلی قانون سازوں نے غزہ میں امداد فراہم کرنیوالی اقوام متحدہ کی مرکزی ایجنسی انروا (یو این آر ڈبلیو اے) پر پابندی کا بل منظور کرلیا ہے ۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق ان قوانین میں اقوامِ متحدہ کی ایجنسی کو اسرائیلی سرزمین سے اپنا کام جاری رکھنے سے روکا گیا ہے اور اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔مذکورہ قوانین سے اسرائیل اور اقوامِ متحدہ کے درمیان طویل عرصے سے کشیدہ تعلقات میں مزید سنگینی کا اشارہ ملتا ہے۔اس قانون سازی سے غزہ میں امداد کی تقسیم کے عمل کو ایسے وقت میں متاثر ہونے کا خطرہ ہے جب اسرائیل پر غزہ میں امداد کی رسائی بڑھانے کے لیے امریکی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔اس حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ انروا کے عملے کو اسرائیل کے خلاف دہشتگرد سرگرمیوں پر جوابدہ ہونا چاہیے، غزہ میں ابھی اور مستقبل میں پائیدارانسانی امداد دستیاب رہےگی ، اسرائیل کو 48 گھنٹے کے جنگ بندی کے بدلے 4 یرغمالیوں کی رہائی کی تجویز نہیں ملی۔اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انروا پر پا بندی پر امریکا کی جانب سے اظہار تشویش کیا گیا ہے جبکہ برطانیہ نے بھی اسرائیلی پابندی کو غلط قرار دے دیا۔
Leave A Comment