تازہ ترین

ہر کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن پر زوردار دھماکے  کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں اور فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔ ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریلوے سٹیشن پر ہوئے دھماکے کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھماکہ خود کش لگ رہا ہے، دھماکے کے وقت پلیٹ فارم پر 100 سے زائد افراد موجود تھے۔دھماکہ اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس سے جانے کے لئے مسافروں کی بڑی تعداد پلیٹ فارم پر موجود تھی۔سول ہسپتال کوئٹہ کے ڈاکٹر کے مطابق دھماکے کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور طبی امداد کے لیے اضافی ڈاکٹرز اور عملہ طلب کرلیا گیا۔ ریلوے حکام اور پولیس کے مطابق پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس نے 9 بجے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ ریلوے سٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب دھماکا ہوا۔

صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ چکے ہیں، واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔بم ڈسپوزل سکواڈ موقع سے شواہد اکٹھے کر رہا ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور نقصانات کا تعین کیا جارہا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی مذمت کی ہے اور اعلیٰ انتظامی حکام سے رابطہ کرکے انہیں تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement