تازہ ترین

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو (FII) کے آٹھویں ایڈیشن کے موقع پر سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔اس ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے متعلق معاملات میں پاکستان کی حمایت پر ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔وزیراعظم نے فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس کے انعقاد پر سعودی ولی عہد کی دور اندیش قیادت کو سراہا، اور کہا کہ سعودی وژن 2030 پاکستان کے اہم پالیسی مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مضبوط کرنے کا عزم کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، اور اقتصادی تعاون کے دائرے میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں حالیہ اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے دوران دستخط کردہ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) کی بنیاد پر پاک سعودی معاشی شراکت کا احاطہ کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری اسرائیلی جارحیت پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں بے پناہ تباہی ہوئی ہے۔یہ ملاقات سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مشترکہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، جو دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

 

Leave A Comment

Advertisement