تازہ ترین

پاکستانی ٹیم نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کرٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ سری لنکا اوربنگلہ دیش بھی اپنے اپنے میچز میں کامیاب ہو گئے۔

گزشتہ روزکھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیپال کی جانب سے دیا گیا 101 کا ہدف 6.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا،پاکستان کی جانب سے اوپنر نعمت اللہ نے 30 گیندوں پر 73 اور محمد صفدر نے 14 گیندوں بر 24 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔

قبل ازیں نیپال نے پاکستان کے خلاف 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنزبنائے تھے، بھرت تھاپا نے 46 گیندوں کا سامنا کرکے 39 رنز بنائے،پاکستان کی جانب سے ہارون خان نے 5 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نعمت اللہ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

دوسرے میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو 53 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی تیسری کامیابی حاصل کرلی۔سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورزمیں 6 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنزبنائے،جواب میں جنوبی افریقہ بلائنڈ ٹیم 20 اوورزمیں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنزبنا سکی۔

باغ جناح کرکٹ گراؤنڈ پر بنگلہ دیش نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی،ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی ٹیم 18.2 اوورز میں 149 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی توجواب میں بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف 12 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرلیا۔

لاہور میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، 28 نومبر کو ایونٹ میں آرام کا دن ہے ،ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز 29 نومبر سے ملتان میں شروع ہوگا۔

Leave A Comment

Advertisement