دوسرا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے ہرادیا
دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے زمبابوے کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی جبکہ ایک میچ ابھی باقی ہے۔بلاوایو میں کھیلے گئے اس میچ میں زمبابوے نے پاکستان ٹیم کو جیت کیلئے 146 رنز کا ہدف دیا جو گرین شرٹس نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 113 رنز بنائے، انکی اننگز میں 17 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جبکہ عبداللّہ شفیق نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل پاکستانی بولرز نے میچ میں اچھا آغاز کرتے ہوئے زمبابوے کے دونوں اوپنرز کو 23 رنز پر پویلین لوٹا دیا۔ زمبابوے کی پہلی وکٹ 1.3 اور دوسری وکٹ 3.5 اوورز میں گری۔زمبابوے کی تیسری، چوتھی اور پانچویں وکٹ آغا سلمان نے حاصل کی، یوں آدھی ٹیم 20.2 اوورز میں 97 رنز پر پویلین لوٹ گئی , اس کے بعد ابرار احمد نے 3، صائم ایوب اور فیصل اکرم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کرکے میزبان ٹیم کو 145 رنز پر 33ویں اوورز میں آؤٹ کردیا۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4، سلمان علی آغا نے 3 جبکہ صائم ایوب اور فیصل اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔زمبابوے کے بیٹر ڈیون مائیرز نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے جبکہ شان ولیمز نے 31 اور کپتان کریگ ایروین نے 18 رنز اسکور کیے۔جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے صائم ایوب کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سیریز ایک ایک سے برابر ہونے کے بعد اسکا آخری اور فیصلہ کن میچ 28 نومبر کو بلاوایو میں کھیلا جائے گا۔
Leave A Comment