اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ، 3 مرلہ پلاٹ سکیم کے اجراء کی منظوری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت 3 مرلہ پلاٹ سکیم کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں اپنی چھت اپنا گھر سکیم پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت 800 سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، 50 ہزار درخواست دہندگان کا ڈیٹا تصدیق کیلئے اخوت کو ٹرانسفر کردیا گیا ہے جبکہ 38 ہزار کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے، اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت 20 ہزار 900 درخواست دہندگان نے مطلوبہ دستاویزات جمع کروادیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 8 ہزار 424 درخواست دہندگان کے کاغذات مکمل ہیں، اپنی چھت اپناگھر کے پورٹل کے رجسٹرڈ یوزرز کی تعداد 6 لاکھ سے زیادہ ہے، اپنی چھت اپنا گھر پورٹل پر گھروں کیلئے سوا تین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جون 2025 تک47 ہزار اور اگلے دسمبر تک ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ مکمل کرلیا جائیگا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 3مرلہ پلاٹ سکیم کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی، چشتیاں میں 3 مرلہ سکیم کے تحت 666 پلاٹس دے کر سکیم کا آغاز کیا جائے گا، اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت 927 درخواست دہندگان کو قرض کی پہلی قسط کی ادائیگی مکمل ہوگئی وزیراعلیٰ نے دوسری قسط کی ادائیگی جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے پہلے پانچ گھروں میں فرنیچر اور دیگر سامان کا تحفہ پیش کرنے کی منظوری دی جبکہ پراجیکٹ پر کام تیز تر کرنے کی ہدایت بھی کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپنی چھت ہر عام آدمی کا خواب ہے اسے ضرورپورا کریں گے، نعروں اوردعووں پر یقین نہیں رکھتے، اپنی چھت مہیا کرنے کے وعدے کو ضرور نبھائیں گے۔
Leave A Comment