شدید دھند اور اسموگ کے باعث موٹروے ایم 2، 3 اور 5 کو مختلف مقامات پر بند کیا گیا ہے، صبح سویرے آلودہ فضا والے شہروں میں دنیا اور پاکستان بھر میں لاہور آج پھر سر فہرست ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایم 2،اسلام آباد سے شیخوپورہ تک بند کی گئی ہے، ایم 3 لاہور سے درخانہ تک بند ہے، موٹروے ایم 5 شیر شاہ ملتان سے سکھر تک بند ہے، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی بند ہے۔

آج صبح سویرے آلودہ فضا والے شہروں میں دنیا اور پاکستان بھر میں لاہور سر فہرست ہے، اب سے کچھ دیر پہلے لاہور 686 پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ ایئر کوالٹی انڈیکس میں پہلے نمبر پر ہے۔581 پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ ملتان کا دوسرا نمبر ہے، پشاور 271 پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

دوسری جانب اسموگ سے پریشان پنجاب کے شہریوں کے لیے اچھی خبر بھی سامنے آئی ہے۔محکمہ موسمیات نے آج شام سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 16 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں بارش کا امکان ہے۔15 نومبر کو بھکر، لیہ اور ڈی جی خان میں بھی گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، بارش سے اسموگ میں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

آج سے ہفتے کے دوران خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement