جلسے کیلئے تیاری پہلے ہی مکمل ، مطالبات پورے نہ ہونے تک واپسی نہیں ہوگی: علی امین
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کاکہنا ہے کہ ہماری تیاری پہلے ہی مکمل تھی ، جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہوگی ۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صحافی کے جلسے سے متعلق سوال کہ علیمہ خان نے جلسے کا اعلان کردیا ہے، کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہماری تیاری پہلے ہی مکمل تھی ، بہترین طریقے سے تیاری کررہے تھےاور اب بھی تیاری جاری ہے، اس بار بھی دیکھیں گے۔وزیراعلیٰ علی امین نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی بتایا ہے کہ واپسی نہیں ہوگی،جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہوگی ۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ایجوکیشن کے ساتھ سپورٹس میں حصہ لینا اچھی بات ہے، آپ قوم کے وہ باشعور بچے ہیں جو ملک کو تبدیل کرینگے، ملک کو ایسا بنائیں گے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا، میں خود سکواش چیمپئن شپ لاہور بورڈ سے جیتا ہوں، ایک دفعہ سندھ گیا دوسری مرتبہ پنجاب پولیس نے سندھ پولیس کے حوالے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری بچیاں ہمارا اثاثہ ہے ان پر زیادہ خرچ کرو، امید کرتا ہوں ایسے ایونٹس یہاں ہوتے رہیں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایک ویژن ہے،جو بھی کام کرتے ہیں اگلی بار اس سے بہتر کریں، بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق ہر کام اچھا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد احتجاج کی فائنل کال دے دی ہے ، اس حوالے سے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پورے پاکستان نے نکلنا ہے، انہوں نے نے فائنل کال دے دی ہے اور 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا کہا ہے۔
Leave A Comment