سموگ میں شدت، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرسپورٹس گالا ملتوی
پنجاب میں سموگ کی شدت برقرار ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سپورٹس گالا ملتوی کر دیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا اپنے ایک بیان کہنا ہے کہ عوام کی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر سموگ سیزن کے بعد سپورٹس گالا منعقد کیا جائے گا، پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانے کے لیے سپورٹس گالا منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں شہریوں میں ماسک فراہمی کی مہم بھی شروع کر دی ہے، سینکڑوں مساجد سے سموگ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کے اعلانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ اس حوالے سے 9 ہزار کسانوں کی تربیت مکمل کر لی گئی، سکولوں میں سموگ کے خلاف لیکچرز کا سلسلہ بھی جاری ہے، 9 سے زائد مقامات پر آگ جلانے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی، 15 ایف آئی آرز درج اور چار لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔سینئر وزیر کا کہناتھا کہ لاہور اور اس کے مضافات میں وسیع کڑی نگرانی اور گشت کے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے، 28 مقامات پرآگ لگنے کی اطلاعات جھوٹ ثابت ہوئیں، اینٹی سموگ مہم میں محکموں اور انتظامیہ کے علاوہ 3 ہزار 850 رضاکار کمیٹیاں بھی خدمات انجام دے رہی ہیں، ای پی اے اور سی ٹی او سکواڈزکی زیرنگرانی ریت کی ٹرالیوں کی نائٹ سرویلنس کا عمل بھی جاری ہے، پنجاب حکومت نے سموگ کے خطرات اور احتیاطی تدابیر سے متعلق ہزاروں کی تعداد میں تحریری مواد بھی عوام میں تقسیم کیا ہے۔
Leave A Comment