تازہ ترین

بھارت کے ایک مندر میں آتش بازی کے دوران خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔بھارتی اخبارات کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارت کی ریاست کیرالہ میں نیلیشورم میں ہندو مندر کے اطراف سیکڑوں افراد آتش بازی دیکھنے کے لیے جمع تھے۔ایک عمارت کے اندر سے پٹاخوں کی آوازیں آئیں، اس کے بعد طاقتور شعلہ آسمان کی طرف بلند ہوتا دیکھا گیا۔

مقامی پولیس سربراہ نےبتایا کہ تقریباً 8 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور تقریباً 154 کے قریب زخمی ہیں، جن میں سے 97 افراد ہسپتال میں داخل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے اس جگہ آتش بازی کی، جس کے بالکل قریب آتش بازی کے سامان کا ذخیرہ موجود تھا۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں لوگوں کے چہرے اور ہاتھ جھلس گئے۔مقامی حکومت کے عہدیدار نے کہا کہ آتش بازی کے لیے کوئی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ مندر کے صدر اور سیکریٹری کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

بھارت میں مذہبی اجتماعات میں حفاظتی کوتاہیوں اور ہجوم کے ناقص انتظام کی وجہ سے ہونے والے مہلک واقعات کا ایک سنگین ریکارڈ ہے۔2016 میں نئے ہندو سال کے موقع پر ایک مندر میں ممنوعہ آتش بازی کے باعث ہونے والے ایک زور دار دھماکے میں کم از کم 112 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement