مقبوضہ کشمیر کی آزادی جہاد کے سوا ممکن نہیں، حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی جہاد کے سوا ممکن نہیں ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیر کی تحریکوں میں لوگوں نے اپنی زندگی لگادی، یحییٰ سنوار کی شہادت نے سب کو قربانی کا پیغام دیدیا، یحییٰ سنوار نے زندگی کے 23 سال جیل میں گزارے اورجیل میں رہتے ہوئے آزادی کے پیامبر بن گئے، یحییٰ سنوار سے امریکا اور اسرائیل خوف کھانے لگ گئے۔انہوں نے کہا کہ آج 27اکتوبر ہے، 27 اکتوبر پوری دنیا میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے، آج کے دن بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوجوں کو کشمیر میں اتارا، نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کردیا، ہمارے لوگوں کو کورونا میں پتہ چلا لاک ڈاؤن کیا ہوتا ہے، کشمیری طویل مدت سے لاک ڈاؤن کا شکار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے فرمایا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری شہید ہوتے وقت وصیت کرتے ہیں ہمیں پاکستانی پرچم میں ہمیں قبر میں اتارا جائے، کشمیریوں کا مقدمہ اس طرح سے لڑا جائے جس کا تقاضا ہے،کشمیر کا جتنا حصہ ملا وہ جہاد سے ہی حاصل ہوا، مقبوضہ کشمیرجہاد سے ہی آزاد ہوگا، اس کے سوا کوئی طریقہ نہیں۔
Leave A Comment