جیت کے باوجود لوگ منفی باتیں کریں گے تو افسوس ہوگا: شان مسعود
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ مسلسل ناکامیوں کے بعد انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنا خوشی کی بات ہے، اس کا کریڈٹ پاکستانیوں کو دیتا ہوں۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر طرح کی وکٹ پر اچھی کارکردگی دکھانے کے لئے تیار رہنا ہو گا، یہ ٹیم گیم ہے انفرادی گیم نہیں ہے، ٹیم کی ضرورت کے مطابق حکمت عملی تیار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد ہم اکٹھے بیٹھے، کوچنگ سٹاف اور سلیکشن کمیٹی بیٹھی، ہم نے سوچا کہ ہم کس طرح 20 وکٹیں لے سکتے ہیں؟ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈومیسٹک کے بہترین پرفارمرز کو سلیکٹ کیا، اس میں زیادہ کریڈٹ نئی سلیکشن کمیٹی کو جاتا ہے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ میں نے 6 ٹیسٹ میچز ہارنے کا کوئی دباؤ نہیں لیا، سب سے بڑا دکھ تھا کہ ہم مجموعی طور پر ہارے، اللہ کا شکر ہے اب چیزیں بہتر ہو رہی ہیں، مقصد یہ ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ترقی کرے اور بہتری آئے، ٹیم کے سلیکٹرز نے بہت سپورٹ کیا، جدھر کھیلیں گے اس صورتحال کے مطابق ایڈجسٹ کریں گے۔سیریز کے دوران کپتان، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کی ناقص کارکردگی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر جیت کے باوجود آپ منفی باتیں کریں گے تو اس کا کیا جواب دیا جائے، یہ کہنا بہت آسان ہوتا ہے کہ فلاں نے کچھ نہیں کیا اور فلاں ناکام رہا لیکن ہم ایسا نہیں دیکھتے بلکہ ہم یہ دیکھتے ہیں کہ اس نے ٹیم کے لیے کتنا اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب سے ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز ہوا ہے، سب سے کم رنز اوپنرز کے بن رہے ہیں اور یہ حقیقت ہے جب کہ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق ہمارا مستقبل ہے اگر ہم اپنے کھلاڑیوں کی سپورٹ نہیں کریں گے تو پھر مسلسل تبدیلیاں ہوتی رہیں گی۔میچ تیسرے روز ہی ختم ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شان مسعود نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ میچ چاہے پہلے دن ہی ختم ہوجائے ہمیں فرق نہیں پڑتا بس ہمیں جیتنا چاہیے۔
Leave A Comment