پونے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھارتی ٹیم 156 رنز پر ڈھیر
نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی ٹیم پہلی اننگز میں 156 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے اور مہمان ٹیم نے عمدہ بیٹنگ اور باؤلنگ کی بدولت میچ میں مجموعی طور پر 200 رنز سے زائد کی برتری حاصل کر لی ہے۔پونے میں کھیلے جا رہے اسپنرز کے لیے سازگار وکٹ پر نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ڈیون کونوے اور رچن رویندرا کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 259 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے اسپنر واشنگٹن سندر نے 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تین وکٹیں تجربہ کار روی چندرن ایشون کے نام رہیں۔بھارت نے میچ کے پہلے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 16 رنز بنا لیے تھے۔کھیل کے دوسرے دن شبمن گل اور یشسوی جیسوال نے مل کر اسکور کو 50 تک پہنچایا لیکن 49 رنز کی یہ شراکت اس وقت اختتام کو پہنچی جب مچل سینٹنر نے 30 رنز بنانے والے گلِ کو چلتا کردیا۔ھارت کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی صرف ایک رن بنانے کے بعد چلتے بنے جبکہ جیسوال بھی 30 رنز بنا کر چلتے بنے۔ مشکل وقت میں ریشابھ پنٹ، سرفراز خان اور ایشون بھی پویلین لوٹ گئے اور یوں بھارتی ٹیم 103 رنز پر سات وکٹیں گنوا بیٹھی۔
اس مرحلے پر رویندرا جدیجا کا ساتھ دینے واشنگٹن سدر آئے اور دونوں نے جارحانہ بیٹنگ کر کے رنز بٹورنے کا فیصلہ کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے 33 رنز کی قیمتی ساجھے داری بنائی لیکن مچل سینٹنر نے ایک مرتبہ پھر کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اننگز میں سب سے زیادہ 38 رنز بنانے والے جدیجا کا کام تمام کردیا۔سینٹنر نے جلد بقیہ دونوں بھارتی کھلاڑیوں کی بھی پویلین واپسی کا سامان کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 156 رنز پر چلتا کردیا اور نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 103 رنمز کی برتری حاصل کی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ نے اب تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا کر مجموعی طور پر میچ میں 224 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
Leave A Comment