بنوں: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، خودکش حملے کے مرکزی سہولت کار سمیت 2 خوارج ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں خودکش حملے کے مرکزی سہولت کار سمیت 2 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
مسلح افواج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 خوارج ہلاک ہو گئے، جن میں خوارجی رنگ لیڈر وحید اللّٰہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے۔ ہلاک خوارج سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔خوارجی رنگ لیڈر وحید اللّٰہ عرف مختیار دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے، جو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا، وہ سیکیورٹی فورسز اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی شہادتوں میں بھی ملوث تھا۔خارجی لیڈر وحید21 فروری 2026ء کو بنوں میں خودکش حملے کا مرکزی سہولت کار بھی تھا، بنوں حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے ذریعے اس گھناؤنے فعل کا بدلہ لے لیا گیا اور مرکزی مجرم کو انجام تک پہنچا دیا گیا ہے، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ایک بڑے سانحے کو بھی ناکام بنایا گیا ہے۔ علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔