پاکستان سمیت ملک بھر میں فضائی آپریشن بحال
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث متاثر ہونے والا فضائی آپریشن اب بحال ہونے لگا ہے، جبکہ ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز نے نئے فلائٹ شیڈول تیار کرنا شروع کر دیے ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کے ایئرپورٹس سے پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ قطر ایئرویز، امارات، سعودیہ، کویت اور عمان ایئرلائنز نے بھی نیا شیڈول تیار کر لیا ہے۔لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور کوئٹہ سے بھی پروازوں کی روانگی دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پاکستان سے خلیجی ممالک کے لیے 27 پروازیں روانہ ہو چکی ہیں۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق پروازوں کی بروقت روانگی یقینی بنانے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور عازمینِ حج کی پروازیں اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوں گی۔ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر جہازوں کی لینڈنگ، ٹیک آف اور فیولنگ کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
خلیجی ممالک کی ایئرلائنز نے حج آپریشن بھی شروع کر دیا ہے، جس کے تحت لاہور سمیت تمام ایئرپورٹس پر عازمین حج کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔