کراچی: مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پولیس نے دو مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے بعد تین زخمی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تھانہ پاپوش نگر کی حدود پاپوش نگر قبرستان کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک زخمی ملزم کو گرفتار کرلیا، جس کی شناخت عامر احمد عرف بنگالی ولد عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول برآمد کرلیا گیا۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تھانہ بلال کالونی کی حدود ارم گراؤنڈ سروس روڈ سیکٹر 5D نیو کراچی کے قریب بھی مبینہ مقابلہ ہوا ترجمان کے مطابق پولیس مقابلے کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت کجل عرف عبداللہ ولد رحیم بخش اور اسرار ولد انتظار حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ملزمان کے قبضے سے دو عدد 30 بور پستول بمعہ لوڈ میگزین، چھینے گئے موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کا کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے۔