قطر : پاسدارانِ انقلاب سے مبینہ روابط رکھنے والے 10 افراد گرفتار
قطر کی سکیورٹی فورسز نے ایرانی اسلامی انقلابی گارڈ کور (پاسدارانِ انقلاب) کے لیے کام کرنے والے مبینہ 10 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار افراد میں سے سات مشتبہ افراد کو ملک کے اہم اور عسکری بنیادی ڈھانچے سے متعلق خفیہ معلومات جمع کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیے گئے تین دیگر افراد ڈرون چلانے کی مہارت رکھتے تھے اور مبینہ طور پر حساس مقامات کی نگرانی میں ملوث تھے۔دورانِ تفتیش ملزمان نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ روابط کا اعتراف کیا اور بتایا کہ انہیں جاسوسی اور تخریبی کارروائیوں کی ذمہ داریاں دی گئی تھیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔