حیدرآباد کنگز مین راولپنڈیز کو شکست دے کر پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی
پی ایس ایل الیون کے اہم میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کو شکست دے کر پلےآف کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی پی ایس ایل کے رواں سیزن کی پلے آف لائن اپ مکمل ہو گئی۔ حیدرآباد کنگزمین پلے آف میں جانے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔پی ایس ایل میں پلے آف میں جانے والی تین ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا ہے، جن میں پشاور زلمی، اسلام آبا یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔
حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کو میچ جیتنے کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا اور اسے حیدرآباد کو پلے آف میں رسائی کے لیے حریف کو 159 رنز پر روکنا تھا.حیدرآباد کی تباہ کن بولنگ نے راولپنڈیز کی بیٹنگ لائن تباہ کر دی اور پوری ٹیم صرف 136رنز پر آؤٹ ہو گئی اور یوں 108 رنز کے بڑے مارجن سے فتح کے بعد پہلی بار پی ایس ایل کھیلنے والی حیدرآباد کنگزمین نے پلے آف میں جگہ بنا لی۔
پنڈیز کے عثمان خواجہ کی ففٹی اور کپتان رضوان کی 26 رنز کی اننگز رائیگاں گئی جب کہ حنین شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عاکف جاوید نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔اہم میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے تھے.حیدرآباد کی جانب سے تین دھواں دھار نصف سنچریاں سامنے آئیں۔ گلین میکسویل 37 گیندوں پر 70 رنز کی اننگ کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان نے 26 گیندوں پر 54 رنز بنائے جب کہ کوشل پریریرا نے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز کی اننگ کھیلی۔راولپنڈیز کی جانب سے سعد مسعود 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ آصف آفریدی، بین سیئرس اور عماد بٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Leave A Comment