رحیم یار خان : ٹریفک حادثات
بریک فیل ہونے کے باعث رکشہ نہر میں جاگرا‘ ٹائر میں چادر پھنسنے سے بے ہوکر موٹرسائیکل رکشہ الٹ گیا‘ موٹرسائیکل سوار تیزرفتاری کے باعث سامنے سے آنیوالے موٹرسائیکل سے ٹکراگیا‘ کمسن موٹرسائیکل رکشہ ڈرائیور سمیت تین جاں بحق‘3 کو زندہ بچالیاگیا‘ ڈوب کر جاں بحق ہونیوالے کمسن کی نعش 24گھنٹے بعد نہر سے برآمد۔
پہلا حادثہ ریاض کالونی کے رہائشی ایک ہی خاندان کے افراد کے ساتھ پیش آیا جوسوئمنگ پول سے نہاکر موٹرسائیکل رکشہ میں سوار ہوکر سبزہ زار ٹاؤن سے واپس آرہے تھے کہ بریک فیل ہونے کے باعث موٹرسائیکل رکشہ بے قابوہوکر نہر میں جاگرا جس کے نتیجہ میں رکشہ میں سوار احمدمنصور‘ محمداحمد‘ وزیر احمد کو زندہ بچالیاگیا جبکہ 13سالہ مقدس شکور ڈوب کر جاں بحق ہوگیا جس کی نعش کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن کیاگیا اور 24 گھنٹے بعد مقدس کی نعش نہر سے برآمد ہونے کے بعد تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
دوسرا حادثہ چوک سویترہ کے نزدیک پیش آیا جہاں کمسن ڈرائیور 13سالہ منورحسین اپنے 12سالہ ساتھی آصف علی کے ہمراہ جارہا تھا کہ ٹائر میں چادر پھنس جانے کے باعث رکشہ بے قابوہوکر الٹ گیا جس کے نتیجہ میں 12سالہ آصف زخموں کی تاب نہ لاتے موقع پر ہی دم توڑگیا جبکہ منورحسین معمولی زخمی ہوا۔
تیسرا حادثہ بہاولپور کے رہائشی 17سالہ شہریار کے ساتھ پیش آیا جسے موٹرسائیکلوں کے تصادم میں شدید زخمی ہونے پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں شہریار زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑگیا۔