اوکاڑہ: بیوی پر بدکاری کا الزام عائد کرنے والے شوہر کو 80 کوڑوں کی سزا
ڈسٹرکٹ کورٹ نے بیوی پر بدکاری کا الزام عائد کرنے والے ملزم شوہر کو کوڑوں کی سزا کا حکم دے دیا۔ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے ملزم کو 80 کوڑے مارنے کا حکم سنایا۔عدالت نے ملزم محمد بوٹا کو 80 کوڑے مارنے کی شرعی سزا سنائی جبکہ ملزم عدالت کا فیصلہ سنتے ہی فرار ہوگیا۔ ملزم نے اپنی بیوی پر بدکرداری کا الزام لگایا تھا جبکہ پیدا ہونے والی اپنی بیٹی کو بھی ناجائز قرار دیا۔
متاثرہ خاتون نے اپنی مدعیت میں شوہر محمد بوٹا کے خلاف حدود آرڈیننس کے تحت قذف کا استغاثہ عدالت میں دائر کیا۔ دوران سماعت ملزم اپنی بچی کو ناجائز ثابت نہ کر سکا جبکہ اپنی طرف سے عائد کئے گئے الزامات سے مکر گیا اور بچی کو جائز تسلیم کر لیا۔