پی ایس ایل 11:ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو ہرا دیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے 28 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو11رنز سے ہرا دیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کوآخری اوور میں شکست دے دی،کراچی کو جیت کے لیے آخری 6 گیندوں پر 18 رنز درکار تھے، تاہم ٹیم 208 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور 196 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔کراچی کنگزکی جانب سے آخری لمحات میں حسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 10 گیندوں پر 23 رنز بنائے، جس میں دو شاندار چھکے شامل تھے، مگر وہ ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے اور 20 ویں اوور کی چوتھی گیند پر دوسرا رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔عباس آفریدی نے بھی دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے 16 گیندوں پر 34 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے کراچی کی امیدیں زندہ رکھیں، لیکن اہم موقع پر آؤٹ ہوگئے۔کراچی کنگز کےریزا ہینڈرکس 49 اور عباس آفریدی 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔کراچی کنگز نے آخری اوور تک بھرپور مزاحمت کی، مگر ملتان سلطانز نے دباؤ میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے فتح اپنے نام کر لی۔ملتان سلطانز کی جانب سے عرفات منہاس نے 3 اور پیٹر سڈل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ملتان سلطانز نے آخری اوورز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 207 رنز بنائے تھے، اننگز کے اختتامی لمحات میں محمد عمران نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 6 گیندوں پر 28 رنز بنا کر میچ کا رخ بدل دیا۔ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود نے 46 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنائی، جبکہ جوش فلپے نے 44 اور اویس ظفر 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے خوش دل شاہ نے 3 اور معین علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
Leave A Comment