لیونل میسی ہوم گراؤنڈ پر آخری میچ میں رو پڑے
ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی زیمبیا کے خلاف میچ کے دوران رو پڑے۔ ارجنٹینا میں ہونے والے میچ میں میزبان ٹیم نے زیمبیا کو 0-5 سے شکست دی اور ہمیشہ کی طرح لیونل میسی میڈیا کی توجہ کا خصوصی مرکز بنے لیکن اس بار وجہ ان کی شاندار پرفارمنس نہیں بلکہ جذبات تھے۔ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر میچ کے دوران اپنے جذبات پر قابو کرنے کی کوشش کرنے کے باوجود بھی رو پڑے۔یہ ہوم گراؤنڈ پر لیونل میسی کے فٹبال کیریئر کا آخری میچ ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میچ سے قبل اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے کھڑے ہو کر اپنے کپتان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور یہ منظر دیکھ کر لیونل میسی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ لیونل میسی متوقع طور پر فیفا ورلڈکپ 2026ء میں ارجنٹینا کی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔