خیبر پختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 13 دہشتگرد ہلاک
خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 مارچ 2026ء کو خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ترجمان کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے خیبر ضلع کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور اس دوران فورسز نے مؤثر انداز میں خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بنوں میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
علاقے میں کسی بھی ممکنہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے جاری آپریشن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔