ساف انڈر 20 فٹبال چیمپئن شپ؛ بنگلا دیش نے پاکستان کو دو گول سے شکست دے دی
ساف انڈر 20 فٹبال چیمپئن شپ کے پہلے گروپ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان انڈر 20 ٹیم کو دو گول سے شکست دے دی۔ جنوبی ایشیا کے سات ممالک کے درمیان مالدیپ کے نیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں پاکستان نے اپنے افتتائی میچ میں پہلے ہاف میں دلیرانہ اور دلکش کھیل پیش کیا، مگر دوسرے ہاف میں قسمت کی دیوی پاکستان پر مہربان نہ ہوسکی۔قومی جونیئر کھلاڑیوں نے اعتماد اور حوصلے کے ساتھ بہتر کھیل پیش کیا اور کئی مواقع پر ایسا محسوس ہوا کہ وہ میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں، تاہم مبینہ متنازعہ ریفری فیصلوں اور چند اہم لمحات نے میچ کا رخ بدل دیا اور بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف 0-2 سے کامیابی حاصل کرلی۔کھیل کے50ویں منٹ میں ڈیبیو کرنے والے رونان بینجمن سلیوان کی فری کک نے بنگلا دیش کو برتری دلائی، 10 منٹ بعد 60ویں منٹ میں ایسا لگا کہ پاکستان کہ نجیب اللہ کے ہیڈر نے اسکور برابر کر دیا ہے مگر ریفری نے یہ گول مسترد کر دیا، 7 منٹ بعد سلیوان نے ایک اور گول کر کے بنگلا دیش کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔
پاکستان جمعہ کو اپنے گروپ کے دوسرے اور آخری میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گا، سیمی فائنل کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو اس میچ میں فتح لازمی درکار ہوگی، گروپ مرحلے کے اختتام پر ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ایونٹ کہ گروپ اے میں میزبان مالدیپ، نیپال، بھوٹان اور سری لنکا شامل ہیں جبکہ گروپ بی پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش پر مشتمل ہے۔
Leave A Comment